پاکستانی بھی کمال کرتے ہیں جس دیدہ دلیری سے دو نمبری کرتے ہیں اور پھر شرمندہ بھی نہیں ہوتے بلکہ اگر پکڑے جائیں تو جیل سے باہر آکر پھر وہی کام کرتے ہیں ، ان سے ناجائز کام کروانے والے بھی بخوشی جعلی دستاویزات تک بنواکر بیرون ملک چلے جاتے ہیں مگر پھر جب پکڑے جاتے ہیں تو پورے ملک کی رسوائی کا سبب بنتے ہیں ایسا ہی کچھ سعودیہ میں تعینات پاکستانی نرسوں نے کیا –
سما نیوز کے مطابق پاکستانی نرسوں کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ اس وقت کیا گیا جب سعودی حکومت کو معلوم ہواکہ بھرتیاں کرنے والی نجی فرم نے متعدد نرسوں کیلئے ایک ہی تصدیقی رپورٹ جمع کروا دی ۔ اہل ہونے کے باوجود نرسیں ایک سکینڈل کا شکار ہوئیں جس میں ان کی اسناد کی جعلی آن لائن تصدیق شامل تھی۔سعودی حکام نے نرسوں کے دستاویزات کی آن لائن سکریننگ کی جس دوران جعلسازی کا پردہ فاش ہوا اورسعودی حکومت نےدستاویزات کی تصدیق میں جعلسازی ثابت ہونے پر 100 کے قریب پاکستانی نرسوں کو ڈی پورٹ کر دیا ۔
واقعہ کے منظر عام پر آنے کے بعد وزارت اوورسیز پاکستانیز نے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا فیصلہ کیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد مقامی حکام نے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ریکروٹر کا لائسنس معطل کر دیا اور اسے بلیک لسٹ بھی کر دیا۔