پاکستان میں بہت سے سرکاری ادارے ایسے ہیں جن کی وجہ سے معیشت کی تباہی اور بربادی کا سلسلہ دہائیوں سے جاری ہے مختلف حکومتوں نے کوشش کی کہ ان کو پرائیویٹ کرکے جان چھڑالی جائے مگر ہربار ان محکموں کے ملازمین نے احتجاج کے ذریعے کبھی حکومت کو اس پر عملل کرنے نہیں دیا مگر اب ایسا لگتا ہے کہ حکومت ان سفید ہاتھیوں سے اپنی جان چھڑا لے گی – وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ اداروں کی نجکاری ہو گی، قومی ایئر لائن پی آئی اے کی نجکاری سب سے پہلے ہو گی۔ اس کے بعد سٹیل ملز اور پھر دیگر اداروں کی نجکاری کا عمل شروع ہوگا –
الیکشن کمیشن آفس میں میڈیا گفتگو کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہمارا ایجنڈا صرف ایک ہے، عملدرآمد اور نفاذ، جب ارادے پختہ ہوں تو سب کچھ ہو سکتا ہے، پاکستانی شہریت حاصل کر کے بہت اچھا لگ رہا ہے۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کا کام بزنس چلانا نہیں، پالیسی بنانا ہے، اداروں کو چلانے کیلئے نجی شعبے کو آگے آنا ہو گا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں جس کے بعد وہ سینیٹر بن کر وزیر خزانہ کے عہدے کے لیے 5 سال تک کے لیے اہل ہوجائیں گے –