ہمارے پیارے دیس میں عجیب وغریب واقعات کا پیش آنا معمول بنتا جارہا ہے مگر آج سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نوٹوں کی چھپائی میں وہ غلطی کردی کہ سوشل میڈیا پر شور مچ گیا -کراچی کے نیشنل بینک میں انوکھا واقعہ پیش آیا، جہاں سٹیٹ بینک کی جانب سے نامکمل پرنٹنگ والے نوٹ جاری کردیے ۔ جن میں ایک سائیڈ پرنٹ اور دوسری سائیڈ خالی ہے۔ واقعے کی سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوگئی۔بینک مینیجر نے ویڈیو میں بتایا کہ آج صبح جو کیش آیا ہے ،نئے نوٹوں میں ایک سائیڈ پر پرنٹ اور دوسرا سادہ ہے، آج ہی سارے نئے نوٹ آئے ہیں، جن میں سے نہ جانے ایک ہزار کے نوٹوں کی کتنی گڈیاں صارفین کو چلی گئیں۔ ایک صارف نے ایک جانب پرنٹ اور ایک سائیڈ خالی والے کرنسی نوٹ واپس کیے تو علم ہوا۔صارف کی شکایت کے بعد مزید بنڈل چیک کیے تو ایسے مزید نوٹ ملے۔دوسری جانب سٹیٹ بینک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری کر رہے ہیں جلد ہی اس حوالے سے بیان جاری کریں گے۔ اب اس معاملے پر سٹیٹ بینک کا موقف آ گیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق سٹیٹ بینک کے ترجمان اعلیٰ نور احمد کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک سے بینک کو مس پرنٹنگ والے نئے کرنسی نوٹ فراہم کرنے کے معاملے کی چھان بین شروع کر دی ہے، کرنسی نوٹ میں مس پرنٹنگ شازو نادر ہی ہوتی ہے۔ نوٹ پر مس پرنٹنگ بڑے پیمانے پر نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ جن شہریوں کو ناقص کرنسی نوٹ ملے ہیں وہ گھبرائیں نہیں ، ایسے نوٹ بینک کو واپس دے کر درست نوٹ حاصل کئے جا سکتے ہیں، جس بینک سے کرنسی نوٹ جاری ہوئے اسی برانچ سے مس پرنٹنگ والے نوٹ تبدیل کروائے جا سکتے ہیں، شہری سٹیٹ بینک آف پاکستان آ کر بھی ایسے نوٹ تبدیل کروا سکتے ہیں۔