امام کعبہ گزشتہ دو روز سے پاکستان میں مقیم ہیں -آج انھوں نے فیصل مسجد میں نہ صرف جمعہ کی نماز ادا کی بلکہ امامت اور خطبے کے فرائض بھی سرانجام دیے ۔ امام کعبہ صالح بن عبداللہ بن حمید کا خطبہ جمعہ میں کہنا تھا کہ مسلمانوں کی مثال ایک جسم جیسی ہے جس کے تمام حصے ایک دوسرے کو مضبوط کرتے ہیں۔ آخرت کو بہتر بنانے کیلئے اپنی ذات میں بہتری لائیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مسلمان راہِ تقویٰ پر گامزن رہیں اور آپس میں بھائی چارے، محبت اور برابری کا معاملہ رکھیں۔
امام کعبہ بروز بدھ 22 نومبر کو اسلام آباد پہنچے تھے، اپنے دورے کے دوران وہ حکومتی شخصیات کے علاوہ دینی جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقات کریں گے۔