کراچی: جمعیت علمائے اسلام-فضل (جے یو آئی-ایف) نے سندھ کے سرکاری اسکولوں میں موسیقی کے اساتذہ کی بھرتی کی مخالفت کی ہے۔
ایک بیان میں جے یو آئی (ف) سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد محمود سومرو نے کہا کہ ان کی جماعت سندھ حکومت کو اسکولوں میں میوزک ٹیچرز بھرتی کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
Image Source: ARY News
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر سندھ حکومت نے اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو جے یو آئی (ف) احتجاج کرے گی۔
گزشتہ ہفتے یہ بات سامنے آئی کہ سندھ حکومت نے صوبے کے سرکاری اسکولوں میں موسیقی کے اساتذہ کو سکیل -14 میں بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سندھ کے وزیر تعلیم سید سردار شاہ کے مطابق موسیقی کے اساتذہ تعلیمی اداروں میں حمد، نعت شریف، اذان اور موسیقی سکھائیں گے۔
میوزک ٹیچرز کی بھرتی کے لیے میٹرک اور میوزک سے متعلق سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
نیشنل میوزک اکیڈمی اور سندھ انسٹی ٹیوٹ آف میوزک اینڈ آرٹ کے سرٹیفکیٹس کو میوزک ٹیچر کے طور پر شامل ہونے کے خواہشمند امیدواروں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے۔