لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں انسداد گداگری آپریشن شروع پنجاب کے دیگر شہروں میں 659 بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا گیا
رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں انسداد گداگری آپریشن شروع کردیئے گئے ہیں، چائلڈپروٹیکشن بیورو نے لاہور کے مختلف علاقوں سے بھیک مانگنے والے درجنوں بچوں کو ریسکیو کیا ہے۔ چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو و ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سارہ احمد کے مطابق انسداد گداگری مہم کے تحت ریسکیو ٹیم کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ریسکیو آپریشن کئے جارہے ہیں۔ کمسن بچوں سے زبردستی بھیک منگوانے والے بھکاری مافیا کے خلاف 35 ایف آئی آر درج کروائی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر صبح اور شام کے اوقات کے دوران ریسکیو ٹیم کی جانب سے ریسکیو آپریشن کئے جارہے ہیں۔ بھکاری بچوں کے بارے میں شکایات پر ہفتہ اور اتوار کو بھی ریسکیو آپریشن کئے جا رہے ہیں۔چائلڈپروٹیکشن اینڈ ویلفیئر بیورو کے مطابق لاہور میں رواں سال جنوری سے لے کر اب تک 279 بھکاری بچوں کو ریسکیو کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کے دیگر شہروں میں 659 بھکاری بچوں کو تحویل میں لیا گیا ہے۔ لاہور (آن لائن)