آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشانِ امتیاز(ملٹری) کی زیر صدارت263ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی،کانفرنس کے شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں سمیت شہداء کی عظیم قربانیوں کوزبردست خراجِ تحسین پیش کیا، جنہوں نے ملک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا.
کور کمانڈر کانفرنس میں اس بات کا پھر اعادہ کیا گیا کہ ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پاک فوج اپنی سرتوڑ کوشش اور کاوش جاری رکھے گی اور پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنے والے تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کے خلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی.آرمی چیف نے کمانڈرزکو دہشتگردی اور عسکریت پسندی کے خلاف حاصل شدہ اہداف کے فوائد کو مستحکم کرنے کی ہدایت کی
فورم نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری جبر پر تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں اور فلسطین میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی . فورم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا-اس میں اس بات کا پھر اظہار کیا گیا کہ پاکستان میں ہونے والے 9 مئی کے واقعے کے ملزمان کو ہرممکن سزا دی جائے گی –