پاکستان تحریک انصاف 9 مئی کے بعد سے اپنی غلط پالیسیوں کے سبب بڑی مشکل میں پڑی ہوئی ہے اور اب اس کو اس بات کا احساس بھی ہورہا ہے کہ ملک میں سب سے زیادہ سیٹیں جیتنے اور ووٹ لینے کے بعد بھی انہیں چھوٹی چھوٹی جماعتوں سے اتحاد کرنا پڑرہا ہے -امید ہے کہ وہ اپنی غلطیوں سے سبق ضرور سیکھیں گے –
پاکستان تحریک انصاف نے وفاق اور پنجاب اور کے پی کے میں ایم ڈبلیو ایم اور جماعت اسلامی کے ساتھ اتحاد کا اعلان کر دیا ۔ پی ٹی آئی کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کے ساتھ خیبر پختونخوا میں جبکہ مرکز اور پنجاب میں مجلس وحدت المسلمین کے ساتھ حکومت بنائی جائے گی۔ رؤف حسن کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا مسئلے کا حل نہیں۔ مسئلے کا حل پاکستان کی اوورسیز کمیونٹی کی سرمایہ کاری ہے۔ اس عمل کے لیے مستحکم حکومت وقت کی ضرورت ہے۔
رؤف حسن نے بتایا کہ وفاق اور پنجاب میں مجلس وحدت المسلمین کے ساتھ حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ساتھ خیبر پختونخوا میں حکومت بنائی جائے گی۔قبل ازیں تحریک انصاف کے بیرسٹر گوہر نے میڈیا کو تفصیلات بتا تے ہوئے دعویٰ کیا کہ ہمارے لوگوں سے رابطے کیے جارہے ہیں اورہمارے لوگوں کو 25، 25 کروڑ روپے کی آفر کی جا رہی ہے۔تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے کتنے ممبران نے ان کے ساتھ بےوفائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے یا کتنے لوگوں نے یہ بتایا ہے کہ انہیں پریشرائز کیا جارہا ہے کہ دوسری جماعت میں شامل ہوجائیں –