اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا آج ہونے والا اجلاس پٹرولیم کی قیمتوں میں ہفتہ وار تبدیلی کا فیصلہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس آج ہوگا جس میں ملک میں ایندھن کی قیمت میں ہفتہ وار تبدیلی کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔
ای سی سی کے اجلاس میں چار نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا جس میں نیشنل بینک کے لیے 140 ملین روپے کی گارنٹی کی سمری کی منظوری اور پٹرولیم کی قیمتوں میں ہفتہ وار تبدیلی کی تجویز شامل ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی اجلاس میں درآمدی یوریا کھاد کی قیمت اور پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے مالیاتی امور پر بھی بات ہوگی۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت نے ایندھن کی قیمتوں میں دو ماہ بعد تبدیلی کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سے قبل پٹرولیم کی قیمتوں میں ہر ماہ تبدیلی کی جاتی تھی۔
تاہم اب حکومت پٹرولیم کی قیمتوں میں ہفتہ وار تبدیلی کا اعلان کر سکتی ہے۔ فیصلہ آج ای سی سی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
4 اگست کو وفاقی کابینہ نے پیٹرول کی قیمتوں کو ہفتہ وار بنیادوں پر ریگولیٹ کرنے کے فیصلے کی منظوری دی تھی۔ “عوام کو ہفتہ وار بنیادوں پر بین الاقوامی منڈیوں میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کسی بھی اتار چڑھاؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔