پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف اور غلام فاطمہ کار حادثے میں زخمی ہوگئیں۔کراچی میں شب جمعہ ہونے والے اس ٹریفک حادثے میں ویمن ٹیم کی سابق کپتان 32 سالہ آل راؤنڈر بسمہ معروف اور 28 سالہ رائٹ آرم لیگ اسپنر غلام فاطمہ کو معمولی زخم آئے، ان کو فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جہاں ان دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔دونوں کرکٹرز پاکستان کے دورے پر آنے والی ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف 18 اپریل سے شروع ہونے والی سیریز کے لیے تربیتی کیمپ کا حصہ ہیں، 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا قومی کیمپ نیشنل بینک اسٹیڈیم کے حنیف محمد ریجنل کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ پر جاری ہے۔ زخمی ہوکر ہسپتال داخل ہونے والی دونوں خواتین کھلاڑی اس وقت پی سی بی کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔قوی امکان ہے کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف میچز میں حصہ لیں گی –