اسلا م آباد (انٹرنیوز) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پارلیمنٹ حملہ کیس میں عمران اور شاہ محمود کو 20 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں جوڈیشل مجسٹریٹ مرید عباس نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ودیگر کیخلاف پارلیمنٹ حملہ کیس کی سماعت کی،جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں ہیں، مختلف صورتِ حال ہے۔وکیل نعیم پنجوتھا نے شکایت کی کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کسی بھی عدالت کا حکم نہیں مانتے، ان سے حکم منوانا چاہئے ، بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنا چاہئے، سیکیورٹی کا بہانہ ہے، ویڈیو لنک پر بھی بانی پی ٹی آئی کی حاضری نہیں لگواتے۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ ویڈیولنک کا آپشن تو موجود ہے لیکن حاضری ای کورٹ میں لگتی ہے۔وکیل نعیم پنجوتھا نے کہا کہ عدالت کمرہ عدالت میں بانی پی ٹی آئی کو پیش کرنے کا حکم دے، ہائی کورٹ نے فیصلہ دیا ہے کہ ویڈیو لنک پر سیاسی رہنماء سے ملاقات ہو سکتی ہے، اڈیالہ جیل میں انٹرنیٹ چلتا ہے، صرف بانی پی ٹی آئی کے معاملے پر انٹرنیٹ نہیں چلتا، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پر لانے سے گھبراتے ہیں۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے پروڈکشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں کو 20 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔