پاکستان کے چپے چپے کی حفاظت کرنے والے فوجی اور پولیس اہل کار اپنی جان کی قربانیاں دے کر ارض وطن کے ساتھ کیا گیا اپنا حلف نبھارہے ہیں -دہشت گرد ان پر اور ریاست پر حملے کررہے ہیں مگر یہ جوان اپنے خون سے ارض وطن کا دفاع کرکے ان شرپسندوں کے عزائم مسلسل خاک میں ملارہے ہیں -وہ ان چھپے ہوئے دہشت گردوں کو ڈھونڈھ ڈونڈھ کر ہلاک بھی کررہے ہیں -خیبر پختون خوا کے ضلع مردان کے علاقے کاٹلنگ میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا ہے۔
اس دوران چھپے ہوئے دہشتگردوں نے مردان میں پولیس پر فائرنگ کر دی،جس کے نتیجے میں ایس پی اعجاز خان شہید ہو گئے۔سی ٹی ڈی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ فائرنگ سے ڈی ایس پی اور 2 اہلکار شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ آپریشن میں پولیس کو انتہائی مطلوب دہشت گرد محسن سمیت 2 دہشت گرد مارے گئے۔علاوہ ازیں مردان میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ایس پی اعجاز خان کی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی۔مردان پولیس لائنز میں نمازِجنازہ میں ڈی پی او مردان نجیب اور دیگر پولیس حکام نے شرکت کی۔