لاہوریوں کے لیے 2 روز برسنے والی بارش باران رحمت بن گئی جس نے سموگ کا بالکل خاتمہ کردیا -اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بارش نے آلودگی کو کم کردیا -اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی ماحولیات ظہیر عباس ملک نے کہا کہ ’’بارش سے شہر میں سموگ قدرتی طور پر ختم ہو گئی ہے۔ ”انہوں نے زور دے کر کہا کہ کیونکہ اب بارش نے لاہور میں سموگ ختم کر دی ہے اس لیے شہر میں گزشتہ سال کی طرح آلودگی نہیں ہوگی۔ڈی جی ماحولیات نے مزید کہا کہ ’’شہر میں سموگ کو ختم کرنے کے لیے ماحولیات کی صورتحال کو مستقل بنیادوں پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں مسلسل دوسرے روز بھی ٹھنڈی ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث سردی میں بھی اضافہ ہوگیالوگوں نے گرم کپڑے نکال لیے ۔حافظ آباد، بورے والا، ننکانہ صاحب، گجرات، شرقپور اور ان کے ملحقہ علاقوں میں سردیوں کے موسم کے آغاز کا اشارہ دینے والی بارش کی اطلاع ملی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت سے لوگوں کو کافی راحت ملی -گجرات میں بھی رات گئے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے اہم سڑکیں زیر آب آگئیں، کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔
لاہور کے مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی، جن میں دھرم پورہ، گڑھی شاہو، دی مال روڈ، جوہر ٹاؤن، گلبرگ، رائیونڈ روڈ، کوٹ لکھپت، شادمان، جیل روڈ، لارنس روڈ، لکشمی چوک، کلمہ چوک، فیروز پور روڈ، ماڈل ٹاؤن ۔سمن آباد ، کینٹ، پیکو روڈ اور ان سے ملحقہ علاقے مسلسل بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔تاہم بارش سے لاہور کا موسم خوشگوار اور ہلکی سردی کا آغاز ہوگیا –