آج سے کچھ عرصہ قبل تک عرب ممالک میں بارش کا ہوجانا معجزہ کہلاتا تھا جب بارش آتی تو وہاں کے مکینوں کے چہرے کھل جاتے مگر اب موسمیاتی تبدیلی نے دنیا کے موسموں کو بھی بدل کر رکھ دیا ہے -سعودی عرب میں بارشوں سے خشک جبل نور سبز ہوگیا ہے -دبئی، شارجہ اور ابوظبی سمیت متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں طوفانی بارشوں سے 75 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
دبئی میں جتنی بارشیں 2 سال میں ہوتی تھیں چند گھنٹوں میں برس گئی جہاں پانی سے سڑکیں ڈوب گئیں جب کہ دبئی کی سب سے اہم شاہراہ شیخ زایدکے متعدد حصے بند کرنے پڑ گئے،شیخ زاید روڈ پر چند کلو میٹر کا فاصلہ کئی گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔اس کے علاوہ دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے پانی جمع ہوگیا جب کہ شدید بارش نے 25 منٹ تک دبئی ائیرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بند رکھا جس سے آنے جانے والی کئی پروازیں منسوخ کردی گئیں۔بارشی ریلے مین ایک شخص کے بہہ جانے کی بھی اطلاعات ہیں ؛لگتا یہی ہے کہ جلد ہی عرب ممالک کو ملک بھر میں بارشوں کے پانی کے اخراج کے لیے نیا سیوریج سسٹم بنانا پڑے گا –
یو اے ای کے محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ آج شام تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے اور ساتھ ہی ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے عوام کو محتاط ر ہنے کی ہدایت کی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے اور ان کی گاڑیوں کو حادثات سے محفوظ رکھنے کے لیے آج بھی تعلیمی اداروں میں آن لائن کلاسز اور دفاتر کو ورک فرام ہوم کی ہدایت جاری کی گئی ہے جب کہ اماراتی شہروں کے درمیان چلنے والی بس سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔