بحیرہ عرب میں بننے والے سمندری طوفان بپر جوئے کا خطرہ ٹلنے کے بعد ڈی سی بدین نے آج سے ماہی گیروں کو اپنی اپنی بستیوں میں واپس جانے کی اجازت دے دی -ساحلی پٹی کے اطراف چلنے والی تیز ہواؤں کا سلسلہ بھی تھم گیا جس کے باعث شہری علاقوں کا موسم خوشگوار اور مطلع ابر آلود ہے جب کہ سمندری طوفان کا خوف کافی حد تک ختم ہوگیا ہے۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق دو روز سے چلنے والی تیز ہوا اور بارشوں سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لے رہے ہیں، جن ماہی گیروں کا نقصان ہوا جلد سے جلد ان کا ازالہ کریں گے۔
طوفان کا خطرہ ٹل گیا، بدین میں ماہی گیروں کو بستیوں میں جانے کی اجازت https://t.co/oIpY0XT8SQ
— Geo News Urdu (@geonews_urdu) June 16, 2023
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق سمندری طوفان کمزور ہو کر سائیکلون اور شام تک ڈپریشن میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔ تاہم ابھی بھی طوفان کے باعث شمال مشرقی بحیرہ عرب میں لہریں 10سے 15فٹ تک بلند ہو سکتی ہیں جب کہ کیٹی بندر اور اطراف میں لہریں 6 سے 8 فٹ تک بلند ہوسکتی ہیں۔
Karachi Beach Area #CycloneBiparjoyUpdate #CycloneBiporjoy #rain #earthquake pic.twitter.com/fx2DnoNN8V
— Abeeha Alee 🇦🇪🇵🇰 (@abeehajara) June 15, 2023
سمندری طوفان بپرجوائے کے باعث کراچی، مکلی، ٹھٹہ اور بدین میں ہلکی بارشیں ہوئیں تاہم تیز ہواؤں اور آندھی نے ہفتوں سے جاری شدید گرمی کو کافی حد تک کم کردیا ۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان میں آج اورکل بارش اور کہیں کہیں تیز بارش کا امکان ہے جب کہ اس دوران 30 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
پاکستان پر تو پاک پروردگار کا رحم وکرم ہوگیا لیکن طوفان بپرجوائے نے بھارتی گجرات میں تباہی مچادی ، انڈین میڈیا کے مطابق سمندری طوفان گزشتہ شب کیٹی بندر سے 150 کلومیٹردور گجرات میں کچھ سے ٹکرایا، طوفانی ہواؤں سے ساڑھے تین ہزار سے زائد بجلی کے کھمبے گرگئے اور سیکڑوں درخت جڑ سے اکھڑگئے جب کہ مختلف حادثات میں22 افراد زخمی ہوئے ہیں۔تاہم بھارت میں بھی اس طوفان سے اتنی تباہی نہیں ہوئی جس کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا –