وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر ملک کی معاشی تباہی کا ذمہ دار عمران خان اور ان کی جماعت تحریک انصاف کو قرار دیا – وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی استحکام اور چارٹر آف اکانومی ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مضبوط کر سکتی ہے۔آج ایک بیان میں انھوں نے ملک میں معاشی استحکام لانے اور اسے ڈیفالٹ سے بچانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے سیاسی استحکام شرط ہے۔

وزیراعظم نے عمران خان اور ان کی جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سیاسی شرپسند ملک میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ شرپسند سیلاب سے بری طرح متاثر ہونے والے لوگوں کی خدمت میں دلچسپی نہیں رکھتے بلکہ ان کا مقصد صرف سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں، معاشی تباہی ایک ایجنڈے کے تحت کی گئی اور سیاسی عدم استحکام بھی اس کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔