شہباز شریف اپنی 13 رکنی وفد کے ہمراہ سعودی عرب کے 3 روزہ دورے پر اس وقت سعودی عرب میں مقیم ہیں
وزیراعظم شہباز شریف نےمسجد نبوی میں حاضری کے بعد جمعہ کو جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات بشمول کاروبار اور تجارت کو بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف 13 رکنی وفد کے ہمراہ اس وقت ولی عہد کی دعوت پر سعودی عرب کے پہلے تین روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔
السلام محل پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف کا ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پرتپاک استقبال کیا جب کہ معزز مہمان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے وفد کے ارکان کا محمد بن سلمان سے تعارف کرایا۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین طاہر اشرفی اور دیگر بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون سمیت دوطرفہ اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، ملاقات میں تجارتی اور کاروباری تعلقات کو وسعت دینے، سرمایہ کاری میں اضافے اور پاکستان کی افرادی قوت کے لیے مواقع پیدا کرنے سے متعلق امور زیر بحث آئےبتایا جارہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب سے 6 سے 8 بلین ڈالر کی امداد لینے کی کوشش کرے گا -اب جب اعلامیہ سامنے آئے گا تو معلوم ہوگا کہ ان کا یہ دورہ کتنا کامیاب رہا ۔