پاکتان مسلم لیگ کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے عمران خان کے خلاف طبل جنگ بجا دیا انھوں نے سخت زبان استعمال کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستانیوں کی جان نہ لیں بلکہ پاکستان کی جان چھوڑ دیں انھوں نے پٹرول کی ایک ماہ میں 2 بار قیمتوں میں اضافے پر بھی عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا
قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں 14 فیصد اضافے کے بعد پیٹرول کی مہنگائی کا بم منی بجٹ کا تسلسل ہے۔ان کا کہنا ہے کہ منی بجٹ پر منی بجٹ موجودہ حکومت کی معاشی ناکامیوں کا منہ بولتا ثبوت ہے، ایسے شخص کو وزارتِ عظمیٰ سے چمٹے رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرول کی فی لٹر قیمت 10 روپے سے زائد بڑھانا مظلوم عوام کی بد دعائیں لینا ہے، 1 لیٹر پٹرول کی قیمت 137 روپے 79 پیسے ہو گئی، عوام کیسے زندہ رہیں گے؟ غریب آدمی مر گیا، وہ کہاں جائے؟
انہوں نے سوال کیا کہ غریب اپنے گھر کا نظام کیسے چلائے؟ بچوں کو روٹی کیسے کھلائے؟ 20 ہزار روپے تنخواہ والے کا 10 ہزار روپے کا بجلی کا بل آ رہا ہے، یہ اچھے دن لائے ہیں؟
صدر نون لیگ میاں محمد شہباز شریف نے سوال کیا ہے کہ 10 ہزار روپے کی تنخواہ پانے والا کیا کھائے گا؟ کرایہ کیسے دے گا؟ زندہ کیسے رہے گا؟
انھوں نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ قوم کو مہنگائی بڑھنے کی وجہ سمجھ نہیں آتی؟
اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ مہنگائی بڑھنے اور معیشت کی تباہی کی بنیادی وجہ عمران نیازی ہیں، یہ بات قوم کو سمجھ آ چکی ہے۔
میاں شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ قوم کو 46 روپے لیٹر پیٹرول دینے کا وعدہ کر کے اس کی قیمت 137 روپے لیٹر سے زیادہ کر دی، یہ تھی آپ کی صداقت؟
اس سے قبل رانا ثنا اللہ نے آج صبح میڈیا سے بات کرتے ہوئے عوام کو آج شام 4 بجے مہنگائی کے خلاف فیصل آباد میں دھوبی گھاٹ پر اکھٹا ہونے کی اپیل کی ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن متحد ہے اور اب جلد حکومت کے خلاف لانگ مارچ ہوگا