پاکستان کی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے بڑی تگ و دو جاری ہے -فوج بھی اس سلسلے میں مختلف ممالک کے وفود سے رابطے کررہی ہے اور ملک میں بھی اس حوالے سے اہم اجلاس ہورہے ہیں- وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ سمیت سول و عسکری قیادت نے شرکت کی۔ سب اس بات کو تسلیم کررہے ہین کہ معیشت کی بہتری کے لیے سیاسی استحکام اور داخلی امن و سکون بہت ضروری ہے – وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل جل کر بیٹھنا وقت کی اہم ضرورت اور خوش آئند امر ہے۔
اہم اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزرا، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ سرفراز بگٹی، مریم نواز، مراد علی شاہ اور علی امین گنڈا پور نے شرکت کی جبکہ سابق نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ اور سابق نگران کابینہ کو بھی خصوصی طور سے مدعو کیا گیا تھا ۔ دوران اجلاس ایس آئی ایف سی کے بارے میں شرکا کو مفصل بریفنگ دی گئی جبکہ ملک میں سرمایہ کاری کی صورت حال اور متعلقہ امور پر روشنی ڈالی گئی۔
اس موقع پر سابق نگران وزرا نے موجودہ وزرا سمیت شرکا کو اپنے دور میں ہونیوالی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔وزیراعظم شہباز شریف کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ ایس آئی ایف سی ایسا پلیٹ فارم ہے جس پر پیش رفت جاری رکھیں گے، ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور معاشی بہتری کیلئے ایس آئی ایف سی اہم اقدام ہے، انہوں نے عسکری قیادت کی جانب سے مذکورہ پلیٹ فارم کی کامیابی کیلئے غیر معمولی کردار ادا کرنے کے عمل کو سراہا۔ مگر جب تک چاروں صوبے ایک پیج پر آکر فیصلے نہیں کرتے ملکی معیشت کی یہ گاڑی رینگتی رہے گی –