پاکستان سپر لیگ کے چوتھے میچ میں گلیڈی ایٹرز کے خواجہ نافع لاہور قلندر کے خلاف شاندار اننگ کی بدولت راتوں رات سپر سٹار بن گئے -ان کی سیلیکشن کے متعلق سرفراز احمد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی سلیکشن فیس بک پر ان کی بیٹنگ ویڈیو دیکھ کر کی گئی۔گزشتہ روز 19 فروری بروز پیر کو لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان میچ ہوا جس میں کوئٹہ نے لاہور کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔جس میں خواجہ نافع نے بہترین کھیل پیش کرکے اپنی ٹیم کو کامیابی دلوائی تھی –
لاہور قلندرز نے 188 رنز کا ہدف دیا تھا جسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کرلیا، اس میچ میں خواجہ نافع نے 60 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ان کی 31گیندوں پر مشتمل اننگز میں 3 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سرفراز احمد نے بتایا کہ فیس بک پر خواجہ نافع کی ویڈیوز دیکھنے کے بعد انہیں بلوایا گیا تھا ۔
سرفراز احمد کا مزید کہنا تھا کہ خواجہ نافع نے ڈومیسٹک کرکٹ نہیں کھیلی ہے، البتہ وہ بی پی ایل (بنگلادیش پریمیئر لیگ) کا حصہ ضرور رہے ہیں جو بڑی کامیابی ہے -ان کی اسی سیلیکشن کی بدولت پھر کوئٹہ نے انہیں منتخب کیا، وہ بہت باصلاحیت ہے اور مستقبل کا اسٹار ہے۔پاکستان کو پی ایس ایل سے بہترین کھلاڑی مل رہے ہیں جن میں سے ایک شاداب خان بھی ہیں –