پنجاب میں پتنگ بازی پر پابندی ہے کیونکہ اس کی وجہ سے حادثات ہوتے ہیں اور قیمتی جانوں کا نقصان ہوتا ہے -اگرچہ لاہور میں تو اس پابندی پر سختی سے عمل درآمد ہوتا ہے مگر پنجاب کے دیگر شہروں میں بسنت منائی جاتی رہی ہے آج پاکستان کے شہر راولپنڈی میں سارا دن پتنگیں اڑتی رہیں اور راولپنڈی میں پابندی کے باوجود بسنت منائی گئی۔
بسنت کے دوران آتش بازی ، ہوائی فائرنگ اور ڈور پھرنے سمیت مختلف واقعات میں 14 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ اس دوران پولیس کا آپریشن بھی جاری رہا اور راولپنڈی پولیس نے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 260 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔
زخمی افراد کو بے نظیر بھٹو اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال کی ایمرجنسی میں زخمیوں کے رش کے باعث دیگر افراد کا داخلہ بند کیا گیا۔زخمیوں میں راولپنڈی کا 7 سالہ عبداللہ، دس سالہ مصطفیٰ، راول روڈ پر زخمی ہونے و الا 14 سالہ شہیر اور 13سالہ عبدالرافع شامل ہیں ،اس کے علاوہ 45 سالہ نورزادہ ، 48 سالہ امتیاز ، بائیس سالہ رجب ، 12سالہ صفیان، 10سالہ اسماعیل اور 7 سالہ ہادی بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔
بسنت کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والوں میں 13سالہ فاطمہ ، 10سالہ مجاہد، عبداللہ اور امجد بھی شامل ہیں۔راولپنڈی پولیس نے دن بھر کی کاروائی میں 15 ہزار سے زائد پتنگیں اور ڈوریں، 11 پسٹل اور ساؤنڈ سسٹمز قبضے میں لے لیے۔