طلبا ء کے لیے نگران حکومت کی جانب سے خوشخبری آگئی ہے اور حکومت پنجاب نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے انہیں آدھی قیمت پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔اس سے آلودگی میں کمی لانے میں بھی بہت مدد ملے گی اور پٹرول کی بچت بھی ہوگی –
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے الیکٹرک رکشہ کے بعد الیکٹرک بائیک بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جو ابتدائی طور پر طلبہ کو کم قیمت پر فراہم کی جائیں گی۔ا س سلسلے میں نگراں وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ پنجاب میں دھند کا بہت بڑا مسئلہ درپیش ہے جس کی سب سے بڑی وجہ ٹرانسپورٹ ہے، ان میں رکشے اور موٹرسائیکلیں قابل ذکر ہیں، اس مسئلے پر قابو پانے کیلئے چین اور تھائی لینڈ کی طرز پر ہم نے گزشتہ دنوں الیکٹرک رکشہ متعارف کرایا تھا اور اب الیکٹرک بائیک بھی متعارف کرانے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ پورے پنجاب میں ای وی چارجنگ کا سسٹم رائج کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کاکہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں ایک سے دو لاکھ الیکٹرک بائیکس سستے داموں طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔یاد رہے کہ آلودگی کے سبب لاہور میں نظام زندگی بری طرح مفلوج ہوگیا ہے اور مصنوعی بارش میں چند روز کی بہتری کے بعد لاہور آج پھر دنیا بھر میں آلودگی میں پہلے نمبر پر آگیا ہے -لیکن اگر اس فیصلے پر عمل درآمد ہوجاتا ہے تو مستقبل میں اس کا آلودگی کے مسئلے پر قابو پانے میں خاصا اثر پڑے گا –