بچپن میں پڑھا کرتے تھے کہ لالچ بری بلا ہے آج اس کا علی نمونہ بھی خبر کی صورت میں دیکھنے کو ملا -ایکپریس نیوز کی خبر کے مطابق پولیس نے تاوان کے لیے اغواء کیے گئے شہری کو بازیاب کروا کر 4 ملزمان گرفتار کرلیے، رہائی کے لیے 25 کروڑ روپے تاوان مانگا گیا تھا۔ تھانہ روات راولپنڈی کے علاقے میں نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے 25 کروڑ روپے تاوان کے لیے شہری کو اغواء کیا گیا تھا اغوا کار پراپرٹی کا کاروبار کرنے والے شہری کے اہل خانہ سے 15 کروڑ وصول بھی کرلیے مگر پھراور مال مفت بٹورنے کے چکر میں ان کا برا وقت شروع ہوگیا –
اغوا کاروں کی شامت اس وقت آئی جب 15 کروڑ وصول کرنے کے بعد بھی لالچ نے ان کا پیچھا نہ چھوڑا اور ملزمان نے 15 کروڑ روپے وصول کرنے کے باوجود مغوی کے مجبور گھر والوں سے مزید 10 کروڑ روپے کا مطالبہ کرنے لگے۔جس پر اس کے گھر والوں کو پولیس سے رابطہ کرنا پڑا – اسی دوران راولپنڈی پولیس کی ٹیم نے انٹیلی جنس اداروں کی معاونت سے سراغ لگاکر مغوی کو بحفاظت بازیاب کروا لیا۔ اغواکاروں کے ساتھی جو اس وقت مغوی کے ساتھ تھے وہ تو دھر لیے گئے مگر مرکزی ملزم پائیو دین خان ساتھیوں سمیت روپوش ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جب کہ رہائی کے بعد مغوی اسماعیل کا ویڈیو بیان بھی سامنے آ گیا، جس میں مغوی پولیس افسران اور ٹیم کو خراج تحسین پیش کررہا ہے۔ ویڈیو میں بازیاب ہونے والے اسماعیل نامی شہری نے تاوان کے لیے ادا کی گئی 15 کروڑ روپے کی رقم بھی برآمد کرنے کا مطالبہ کیا۔اب سارے پیسے بھی واپس ہوں گے اور کئی سال سرکار کی ابلی دال اور مفت مار کھاکر اپنی قسمت اور لالچ کو کوستے رہیں گے –