لاہور پولیس نے چنگچی رکشوں کے بعد اب ان دکانداروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا جو لائسنس کے بغیر پالتو جانوروں کا کاروبار کررہے تھے -پولیس کا کہنا ہے کہ لوگوں کی مجبوری اور بے روزگاری کا ادراک ہے مگر ہائی کورٹ کے حکم پر یہ کاروائی ہوگی -کیونکہ لاہور ہائیکورٹ نے بغیر لائسنس پالتو جانوروں اور پرندوں کا کاروبار کرنیوالی دکانیں سیل کرنے کا حکم دیا ہے ۔
لاہور ہائیکورٹ میں ٹولنٹن مارکیٹ کی صفائی نہ ہونے پر ایک شہری نے عدالت کا رخ کرلیا ، درخواست گزار کے وکیل کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں صفائی کے انتظامات نہ ہونےسے علاقے میں بدبو پھیلتی ہے، ٹولنٹن مارکیٹ میں پالتو جانوروں اور پرندوں کا غیرقانونی کا کاروبار کیا جارہا ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت متعلقہ حکام کو ٹولنٹن مارکیٹ کی صفائی کے احکامات جاری کرے۔
عدالت نے بغیر لائسنس پالتو جانوروں اور پرندوں کا کاروبار کرنیوالی دکانیں سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ٹولنٹن مارکیٹ اور ملحقہ نالے کی صفائی کا بھی حکم دیدیا،عدالت نے ٹولنٹن مارکیٹ کے صدر کو بھی فریق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر واسا، ایل ڈی اے، دیگر اداروں سے عملدرآمد رپورٹس طلب کرلیں۔