حکومت نے پاکستان سے بیرون ملک جاکر ملکی معاملات پر گفتگو اور وی لاگ کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا -ان افراد کے بارے میں الزام ہے کہ انھوں نے باہر بیٹھ کر قوم میں اشتعال پھیلایا اور ریاست مخالف باتیں کیں -اب اس پر قانونی کاروائی شروع کر دی گئی ہے -قومی سلامتی اداروں کے خلاف حملے پر اکسانے کے الزامات پر بیرون ملک مقیم 4افراد کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کر لیا گیاہے ۔
بیرون ملک بیٹھ کر عوام کو پاکستان کے قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف اکسانے کے الزام میں شاہین صہبائی، حیدر رضا مہدی، وجاہت ایس خان اور عادل راجہ کےخلاف اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں مقدمہ درج۔۔!!@ICT_Police @dcislamabad pic.twitter.com/Wz88MiBKfp
— Mohsin Raza KHAN (@mohsinrz) June 12, 2023
تفصیلات کے مطابق مقدمہ اسلام آباد کے علاقے جی الیون کے رہائشی محمد اسلم کی درخواست پر درج کیا گیاہے ، جس میں صحافی شاہین صہبائی ، وجاہت ایس خان ، سیدحیدر رضامہدی اور عادل فاروق راجہ کو نامزد کیا گیاہے ۔ مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیاہے کہ ان 4 افراد نے بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کے اندر عوام کو اداروں کے خلاف اکسانے اور حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے ۔مقدمے میں دہشتگردی اور غداری کی دفعات شامل کی گئی ہیں ۔