پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے ترجمان حافظ حمد اللہ نے اپنی ہی اتحادی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناڈالا۔ حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ شیرانی کے جنگلات میں لگنے والی آگ انتہائی خطرناک صورت اختیار کر چکی ہے اور اب تک 40کلومیٹر رقبے پر محیط جنگل جل کر خاکستر ہو چکا ہے۔ آگ کی لپیٹ میں آکر اب تک 3لوگ جاں کی بازی ہار چکے ہیں اور متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔
حافظ حمد اللہ نے اس معاملے میں حکومتی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 13 روز سے جنگل میں آگ لگی ہوئی ہے۔ اس دوران صوبائی اور وفاقی حکومت خاموش کیوں ہیں؟ اور آگ پر قابو پانے کے لیے خاطرخواہ اقدامات کیوں نہیں کیےجارہے ؟ان کا کہنا تھا اب 13دن گزرنے کے بعد کہا جا رہا ہے کہ ایران سے جہاز منگوایا جا رہا ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ ایک ایٹمی ریاست کے پاس آگ بجھانے کے وسائل بھی نہیں ہیں۔