اے این ایف نے مسافروں کو پروازوں میں نسوار لے جانے سے روک دیا
کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے پیر کو خلیجی ممالک کی پروازوں میں مسافروں کو نسوار لے جانے سے روک دیا۔
اے این ایف کی جانب سے جاری کردہ بیان میں پروازوں میں نسوار لے جانے کو قابل سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مسافروں کو اپنے سامان میں نسوار لے جانے سے سختی سے منع کیا گیا ہے کیونکہ تمام عرب ممالک نے اسے اپنی منشیات کی فہرست میں شامل کر رکھا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو حال ہی میں نافذ کیے گئے قوانین کے مطابق سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر بینرز آویزاں کر کے ہدایات جاری کر دیں۔
اس سے قبل 9 دسمبر کو اے این ایف نے خفیہ اطلاع پر کراچی کی بندرگاہ پر چھاپہ مارا اور 96 کلو گرام منشیات برآمد کی۔
اے این ایف کے ترجمان نے بتایا کہ منشیات تولیوں میں چھپائی گئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ منشیات ایک برآمد کنندہ کے نام پر بک کی گئی ہیں جس کی شناخت کارگو آئی بی ٹریڈر کے نام سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارگو اونٹاریو، کینیڈا بھیجا جا رہا تھا۔
ترجمان نے کہا کہ تمام مشتبہ سامان ضبط کر لیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔