ٹیلی کام کمپنیوں نے ملک میں 5 لاکھ 6 ہزار سے زیادہ نان فائلرز کی موبائل سِمز بلاک کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کو یقین دہانی کرا دی گئی ہے کہ ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں 5 لاکھ 6 ہزار سے زائد نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کردی جائیں گی۔اس کے لیے 15 مئی کو اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں ان سموں کو پہلے بند کرنے اور پھر چند شرائط پر عمل درآمد ہونے کی صورت میں کھولنے کے حوالے فیصلہ کیا جائے گا –
چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ سے ٹیلی کام کمپنیوں کے عہدے داروں نے ملاقات کی ہے، جس میں انہوں نے 5 لاکھ 6 ہزار سے زیادہ نان فائلرز کی موبائل فون سمز بلاک کرنے کی حامی بھری -ٹیلی کام کمپنیوں کے نمائندوں نے چیئرمین ایف بی آر کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کمپنیاں ملکی قوانین کی مکمل پاسداری کرتی ہیں۔ نان فائلرز کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کروانے کے پیغامات ارسال کیے جائیں گے، جس کے بعد ٹیکس گوشوارے جمع کروانے والے نان فائلرز کی ایف بی آر سے کلیئرنس کے بعد موبائل سمز بحال کردی جائیں گی۔