ملتان (انٹرنیوز) ملتان میں گیس لیکیج دھماکے سے3 منزلہ مکان گرنے سے 9افراد جاں بحق ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر ملتان نے بتایا ہے کہ اندرون شہر کے علاقے محلہ جوادیاں میں صبح چار بجے کے قریب ایک 3 منزلہ رہائشی عمارت مخدوش ہونے کے باعث گر گئی جس کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ، عمارت کا کچھ ملبہ اس کے دائیں بائیں واقع مکانات پر بھی گرا ۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو حکام نے فوری آپریشن کرتے ہوئے جاں بحق وزخمی افراد کو نکال کر نشترہسپتال منتقل کردیا جہاں زخمیوں کا علاج جاری ہے۔ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کے مطابق عمارت گرنے سے 11افراد دب گئے تھے، تمام افراد کو نکال کر ریسکیو آپریشن مکمل کرلیاگیا ہے ۔ریسکیو آفیسر کے مطابق حادثہ کچن میں گیس لیکیج کی وجہ سے پیش آیا،سحری کے وقت خاتون نے آگ جلائی تو دھماکاہوا، دھماکے سے 3منزلہ عمارت کا ایک حصہ ساتھ والے کچے مکان پرگرا، اس مکان میں موجود 5بہن بھائی اور ان کے والدین جاں بحق ہوگئے۔