پاکستان میں بارش اور برف باری کے سبب جاتی سردی کو نہ صرف بریک لگی بلکہ پہاڑوں اور شہروں میں ہونے والی برفباری نے ملک میں سردی کی شدت میں کافی اضافہ بھی کردیا -جس کے نتیجے میں اب حادثات بھی رپورٹ ہورہے ہیں – خیبر پختونخوا میں بارش اور برفباری کے دوران مکان کی چھت پر تودے گرنے کے الگ واقعات میں بچوں سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، جس سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ دوسری جانب بالائی علاقوں میں برف باری کی وجہ سے ان علاقوں کا رابطہ دیگر سے منقطع ہو گیا۔
ڈی ایم اے کے مطابق بند رستوں کو کھولنے کا کام شروع کردیا گیا ہے، مگر مسلسل برف باری کام میں رکاوٹ اور سست روی کی وجہ بن رہی ہے اس کے علاوہ بعض علاقوں میں لینڈ سلائڈنگ کے سبب بھی ان علاقوں کا ملک سے رابطہ کٹ گیا ہے -۔ دیر لوئر کے علاقے میں ایک گھر کی چھت پر مٹی کا تودہ گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔ ریسکیو 1122 کے مطابق ملبے تلے 4 افراد کے دب جانے کی اطلاع تھی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے3 لاشوں اور ایک زخمی کو نکال کر ہسپتال منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 25 سالہ زاہد ولد شیر مولا سکنہ نگری بالا تالاش، 23 سالہ زوجہ زاہد، 5 سالہ حریرہ جب کہ 3 سالہ طفلہ ارحم عمر کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا –
ریسکیو 1122 کے مطابق باجوڑ غاخی کنڈؤ ماموند میں تیز بارش کی وجہ سے کچے مکان کے کمرے کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔کنٹرول روم کو اطلاع ملتے ہی ڈیزاسٹر اور میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر مقامی افراد کے ساتھ مل کر بچوں کو ملبے سے نکالا مگر اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی ۔