پنجاب اور سندھ کے بعد آج کے پی کے اسمبلی میں بھی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوگیا -کے پی کے میں سپیکر ،ڈپٹی سپیکر اور وزیراعلیٰ کی تمام نشستیں پی ٹی آئی کے پاس ہی رہیں جو اس وقت سنی اتحاد کونسل میں ضم ہوچکی ہے –
سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیرصدارت خیبرپختونخوااسمبلی کا اجلاس ہوا، آج وزیراعلیٰ کے لیے سنی اتحاد کونسل کے علی امین گنڈا پور اور نون لیگ کے ڈاکٹر عباد اللہ کے درمیان مقابلہ تھا۔ یہ مقابلہ یک طرفہ رہا اور علی امین گنڈاپور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا منتخب ہو گئے، علی امین گنڈا پور نے 90ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل ن لیگ کے ڈاکٹر عباد اللہ نے 16ووٹ حاصل کئے۔نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈا نے کہاہے کہ آزاد حیثیت میں وزیراعلیٰ بننے کا دکھ ہے،دعا ہے کہ اللہ مجھے اس جہاں اور قیامت کے دن بھی سرخرو کرے۔
عمران خان کی طرح قومی لباس پہن کر اسمبلی آئے علی امین گنڈا پور نے اپنے پپہلے خطاب میں کہاکہ ہمارے کارکنوں کے ساتھ جو ظلم ہوا وہ کسی فسطائیت میں نہیں ہوا،ہمارے لیڈر کا قصور یہ ہے کہ عوام اور پاکستان کی خودمختاری کی بات کی،ہمارے لیڈر نے قوم کیلئے 27سال جدوجہد کی،مطالبہ ہے کہ فری اینڈ فیئر ٹرائل کیا جائے ہمارے لیڈر کو جلد رہا کیا جائے،ان کا کہناتھا کہ میرا لیڈر صحیح کہتا تھا کہ ہم آزاد نہیں غلام ہیں، حقیقی آزادی ہماری ضرورت ہے۔ علی امین گنڈا پور نے کہاکہ جو ظلم ہوا اس کا ازالہ کریں اور اپنی اصلاح کریں،ہم انتقام نہیں چاہتے، یہ ملک اور ادارے ہمارے ہیں،ایسا نظام چاہتے ہیں کہ کوئی بھی اس ملک میں زیادتی نہ کرسکے۔