چند روز قبل پاکستان میں انٹرنیٹ سروس میں خلل پر بھارتی میڈیا نے شور مچایا تھا کہ اس کی سب سے بڑی وجہ پاکستان میں موجود ایک شخص داؤد ابراہیم کو زہر دینا ہے اس پر بعد میں پاکستانی میڈیا نے بھارت کے اس جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا تھا اب اس پر حکومت پاکستان نے بھی مہر ثبت کردی ہے -دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت ہمیشہ پاکستان پر الزام تراشی اور جھوٹا پروپیگنڈا کرتا رہا ہے۔ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ کہ بھارت داؤد ابراہیم کے کراچی کے ہسپتال میں داخل ہونے اور زہرخورانی سے متعلق جھوٹی اور من گھڑت خبریں پھیلا رہا ہے۔
دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان کو بھارتی دہشت گردی پر شدید تشویش ہے۔ بھارت جنوبی ایشیا کے ساتھ پوری دنیا میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے۔ کمانڈر کلبھوشن یادیو جاسوسی اور تخریبی کاروائیوں میں ملوث ہونے پر گرفتار ہوا۔ انھوں نے پاکستان میں حملوں میں ملوث ایک دہشت گرد تنظیم ٹی ٹی پی کے حوالے سے بھی بات کی -ترجمان نے کہا کہ ریاست پاکستان اور ٹی ٹی پی کے مابین کوئی بات چیت نہیں ہورہی۔ ان کے خلاف ہمارے ادارے کاروائیاں کررہے ہیں اور ان کے ناپاک ارادوں کو ملیا میٹ بھی کررہے ہیں ۔ انھوں نے افغان طابان حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ افغان حکام اپنی سرزمین پر پاکستان مخالف دہشت گروں کے خلاف کاروائی کریں۔افغانستان کے اندر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں۔ پاکستان نے افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کا معاملہ سلامتی کونسل میں اٹھایا ہے۔پاکستان دہشت گردوں کے خاتمے کا خواہاں ہے۔
دفترخارجہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر سرکاری دورے پر امریکا میں ہیں۔ انہوں نے اہم ملاقا توں میں دفاعی معاملات پر بات چیت کی ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان اچھے اور مضبوط تعلقات ہیں۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے امریکا سمیت تمام ممالک سے رابطے میں رہتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل کی جارحیت پر تشویش ہے اور اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی سفارتی،سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ گزشتہ ہفتے نگراں وزیر خارجہ نے بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے متعلق خطوط لکھے اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن نے 166 ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کیے۔ پاکستان ہندو اور سکھ یاتریوں کو خوش آمدید کہتا ہے۔