مسلم لیگ نون نے آج علی پور جٹاں میں پندال سجایا تو مریم نواز ایک بار پھر پی ٹی آئی پر خوب گرجی برسیں انھوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کپتان پر خوب طنز کے تیر چلائے جلسے سے خطاب کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی سیاست ختم کرنیوالا آج جیل میں اپنے اعمال کی سزا بھگت رہا ہے، میں تو اُس کا نام بھی نہیں لینا چاہتی۔دشمنوں نے کہا تھا نوازشریف کی سیاست ختم ہو چکی، واپس نہیں آئے گا مگر 21 اکتوبر کو نوازشریف کے استقبال کیلئے پورا پاکستان امڈ آیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے ملک کو ترقیاتی منصوبے دیئے، موٹر ویز کا جال بچھایا۔ قوم کو سی پیک دیا ان کی اس کارکردگی کی وجہ سے عوام نواز شریف کے ساتھ جڑ گئی ۔ خان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ جو نوازشریف کو چور کہتا تھا اس کی اپنی سب سے بڑی اپنی چوری نکل آئی، وہ ایک بار وزیراعظم بنا اور تاریخ کی سب سے بڑی چوری پکڑی گئی، آج 60 ارب کا سوال کرو تو معصوم منہ بنا کر کہتا ہے پیسہ پاکستان ہی تو آیا ہے۔ اس شخص سے انتقام نوازشریف نے نہیں، اس کے اپنے اعمال نے لیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ پاناما جیسا مذاق کیا گیا، ڈکشنری بلیک نہیں تھی ان کی نیت بلیک تھی ۔ آج بھی نوازشریف کو رینگ رینگ کر انصاف مل رہا ہے۔ اس پر مخالفین کہہ رہے ہیں نوازشریف کو فیور مل رہی ہے تو ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہئے۔ ایک منصوبے میں بھی نوازشریف کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔انھوں نے عدلیہ کو بھی نہ بخشا ان کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام میں نا انصافی آسان اور انصاف کرنا مشکل کام ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کون سی جیل ہے جس میں نوازشریف نہ گیا ہو، سات سال ہو گئے مقدمات ختم کرواتے، جھوٹے مقدمات میں آج بھی عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ اب اس پر مریم نواز کو پی ٹی آئی والے کئی روز تک ایک ایک الزام اور ایک ایک سوال کا جواب دیتے رہیں گے، یہی عمران خان چاہتے ہیں کہ ان کی پارٹی پر تنقید ہوتی رہے اور وہ مظلوم بن کر عوام کو اپنے ساتھ جوڑے رکھیں –