پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں افغانستان کے لوگ کئی سال سے پاکستان میں مقیم ہیں -یہ وہ افراد ہیں جن کو حکومت پاکستان کی جانب سے ملک میں رہنے کی اجازت دی گئی ہے -اب ان کے حوالے سے ایک نیا حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے -پاکستان نے ملک میں مقیم افغان شہریوں کو انتخابی امیدواروں کی حمایت کرنے اور ان کو فنڈز دینے کے خلاف خبردار کیا ہے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ مختصر بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ملک میں رہنے والے افغان شہریوں کے لیے آئندہ عام انتخابات سے قبل کسی بھی سیاسی یا انتخابی سرگرمی کی حمایت کرنا یا اس میں شامل ہونا غیر قانونی ہے۔وزارت داخلہ نے واضح کیا کہ اس حکم کی عدم پیروی کرنے والوں کو ان کی قانونی حیثیت سے قطع نظر ملک بدر کر دیا جائے گا ان کو پاکستان میں رہنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔
وزارت داخلہ نے ملک میں امن و امان کی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی غیر ملکیوں کو ملازمت دینے یا ملک کے اندر روزگار کے حصول میں ان کی مدد کرنے سے بھی خبردار کیا ہے۔پاکستانی شہریوں کی حوصلہ افزائی بھی کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی غیر ملکی کی موجودگی یا ان کو ملازمت دینے والے افراد کی اطلاع دیں ۔وزارت داخلہ کی جانب سے یہ ہدایت ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب کہ ملک میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کی تیاری جاری ہے۔