پاکستان کے سابق سپرسٹار کرکٹر معین خان کے بیٹے اعظم خان ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ کھیلنے کے لیے گراؤنڈ میں اترے تو اس پر فلسطین کے جھنڈے کا سٹیکر لگا ہوا تھا جس پر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی پر انہیں جرمانہ کردیا گیا – قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کے میچ میں بلے پر فلسطینی پرچم کا سٹیکر لگانے پر کرکٹر اعظم خان کو جرمانہ کردیا گیا۔
ایکسپریس کے مطابق اعظم خان نے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے لاہور بلیوز اور کراچی وائٹس کے میچ میں اپنے بلے پر فلسطین کا جھنڈا آویزاں کیا جس پر انہیں میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کردیا گیا ہے،اعظم خان کو کپڑوں اور سازوسامان کے ضوابط کی خلاف ورزی اور سیاسی پیغام کی نمائش پر جرمانہ عائد کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کراچی وائٹس کے مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کو سٹیکر کا استعمال جاری رکھنے کی صورت میں معطلی کی تنبیہ بھی کی ہے۔مگر اس واقعے نے پاکستانیوں کے دل بھی رنجیدہ کردئے او ر عوام کی جانب سے ٹویٹر پر پی سی بی کے اس فیصلے پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا اور پی سی بی کو اس فیصلے کے بعد سخت ٹرولنگ کا سامنا ہے –