گزشتہ روز آصف علی زرداری نے حامد میر کے انٹرویو میں بلاول کو ناتجربہ کار قرار دیا تو بلاول ناراض ہوگئے اور آج دبئی روانہ ہوگئے انھوں نے اپنی روانگی کے بعد اپنی والدہ بینظیر بھٹو کے ساتھ اپنی تصویر شئیر کرکے اپنے والد کو پیغام بھی دے دیا -جس کے بعد پیپلز پارٹی کو شدید تشویش لاحق ہوگئی اور ان کے ترجمان اس بات کی تردید کرنے لگے –
پیپلز پارٹی رہنما فیصل کریم کنڈی نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو میں اختلافات سے متعلق مؤقف پیش کر دیا۔ پیپلز پارٹی نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے مابین اختلافات کی تردید کر دی، پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہےکہ دونوں رہنماؤں میں اختلافات کی خبریں بے بنیا دہیں۔ بلاول بھٹو شیڈول کے مطابق دبئی گئے ہیں، دورہ خیبر پختونخوا کے بعد طے شدہ پروگرام تھا جس کے تحت بلاول دبئی روانہ ہوئے۔ مگر اب سوشل میڈیا پر اس خبر کو لے کر کئی روز تک گرما گرم خبریں عوام کو ملتی رہیں گی –
واضح رہے کہ بلاول بھٹو آج اچانک دبئی روانہ ہو گئے تھے، وہ نجی طیارے سے دبئی گئے۔ بلاول کی اس طرح دبئی روانگی سے سیاسی حلقوں میں چہ میگوئیاں شروع ہو گئی ہیں جس کے بعد پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف زرداری اور بلاول کے مابین اختلافات کی تردید سامنے آئی ہے۔اب یہ خبریں آرہی ہیں کہ آصف زرداری بھی خصوصی طیارے کے ذریعے دبئی روانہ ہورہے ہیں –