لاہور میں بچوں کی زندگیاں محفوظ بنانے کے لیے پنجاب حکومت سخت سے سخت قوانین متعارف کروارہی ہے -وہ بچے جن کے لائسنس نہیں بن سکتے ان کے بائیکس چلانے پر پابندی عائید کردی ہے -خلاف ورزی کرنے پر نہ صرف اس بچے پر مقدمہ بنے گا بلکہ ان کے والد کو بھی سزا دی جائے گی -اس کے علاوہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے بغیر لائسنس موٹر سائیکل پر سکول آنے والے طلبہ کے داخلے پر پابندی لگا دی۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی جانب سے بغیر لائسنس موٹرسائیکل پر سکول آنے والے طلبہ کےحوالے سے اہم فیصلہ سامنے آیا ہے اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق بغیر لائسنس موٹرسائیکل پر آنے والے طلبہ کاسکول میں داخلہ بند کردیا گیا ہے اور خلاف ورزی پر طلبا کے ساتھ ساتھ سکول کے خلاف بھی ایکشن کا فیصلہ کیا گیا ہے ، سکولوں کو بھی نوٹیفیکیشن بھیج دیا گیا ہے کہ اپنے طلباء کو بتادیں کہ ڈرائیونگ لائسنس نہ رکھنے والے طلبہ اپنی موٹر سائیکل پر سکول نہ آئیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ بغیر لائسنس موٹر سائیکل چلانے والے کم عمر طلبہ دوسرے لوگوں کے لیے خطرے کا باعث بن سکتے ہیں، ناخوشگوار واقعے کی صورت میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ذمہ دار نہیں ہو گا۔ لاہور میں قانون کی خلاف ورزی اور بے ہنگم ٹریفک کے سبب روزآنہ سینکڑوں افراد حادثات کا شکار ہوتے ہیں جن میں زیادہ تعداد کم عمر بچوں کی ہوتی ہے –