پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان اسلام سے محبت کی وجہ سے پاکستانیوں کوبہت عزیز ہیں -کل پاکستان نے ورلڈ کپ کی 48 سالہ تاریخ کا سب سے زیادہ رنز کے تعاقب کا ریکارڈ بنا کر دنیا کو حیران کردیا اس میں سب سے نمایاں ہاتھ محمد رضوان کا رہا جنھوں نے 134 رنز بنائے اور وننگ شاٹ بھی کھیلا -اس پر ان کی دنیا بھر میں دھوم مچ گئی اب انھوں نے � اپنی اننگز مظلوم فلسطینیوں کے نام کرتے ہوئے ان سے اظہار یکجہتی کر دیا۔ محمد رضوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سری لنکا کے خلاف جیت غزہ کے بہن بھائیوں کے نام کرتا ہوں۔ انھوں نے عبداللہ شفیق کی بیٹنگ اور حسن علی کی باؤلنگ کی بھی تعریف کی ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز فتح کا کریڈٹ پوری ٹیم کے ساتھ ساتھ عبداللہ شفیق اور حسن علی کو جاتا ہے۔

محمد رضوان نے فلسطین کے مسلمانوں کے ساتھ اسرائیل کے ناروا سلوک پر اپنے مسلمان بھائیوں سے اظہار ہمدردی کرکے پکا مسلمان ہونے کا ثبوت دیا ہے کیونکہ حماس کے اسرائیل پر حملے کے بعد فلسطین میں حالات بہت کشیدہ ہیں غزہ کے علاقے میں اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری جاری ہے اور اس وقت غزہ میں نہتے مسلمانوں کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے، اسرائیل نے غیر انسانی محاصرے کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پانی، خوراک، بجلی اور انٹرنیٹ سمیت تمام سپلائی منقطع کر دی ہے۔ ۔ اسرائیل فضا ، زمین اور سمندر سے عام شہریوں پر بم برسا رہا ہے ۔ امریکہ کے اسرائیل کی کھلم کھلا حمایت کے بعد فلسطین کے مسلمانوں کی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے -اسرائیل کی جارحیت پر سالوں سے خوموش رہنے والے امریکہ نے غزہ پر بمباری کیلئے گولہ بارود سے بھرا جہاز اسرائیل پہنچا دیا ہے جو اسرائیلی بربریت میں مزید اضافے کا سبب بنے گا جس سے دنیا تیسری عالمگیر جنگ کی جانب بڑھ سکتی ہے –