ایشین گیمز میں پاکستانیوں کی بری پرفارمنس کا سلسلہ جاری ہے -لگتا ہے کہ قسمت پاکستانی کھلاڑیوں سے روٹھ گئی ہے آج اس میں ایک اور اضافہ ہوگیا جب پاکستان کرکٹ ٹیم سیمی فائنل میں افغانستان سے ہارگئی -پاکستانی ٹیم اتنے اہم میچ میں صرف 115 رنز ہی بنا پائی اور افغانستان نے یہ میچ یکطرفہ مقابلے کے فائنل میں جگہ بنا کر چاندی کا تمغہ تو اپنے نام کرلیا اب وہ گولڈ کے لیے بھارت سے مقابلہ کرے گا –
ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں افغانستان نے پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کرلی – ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں افغانستان نے پاکستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی -پاکستان کی پوری ٹیم 115 رنز پر پویلین لوٹ گئی جس کے بعد افغانستان کو جیت کیلئے 116 رنز درکار تھے، افغانستان نے 17 اوورز اور 5 گیندوں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف پورا کرلیا۔
میچ میں پاکستان ٹیم کی قیادت قاسم اکرم نے کی، قومی ٹیم کی جانب سے عمیر بن یوسف 24 رنز بناکر نمایاں رہے، عرفات منہاس نے 14 رنز بنائے جبکہ عامر جمال بھی 14 اور روحیل نذیر 10 رنز بنا سکے۔واضح رہے کہ اس سے قبل سیمی فائنل میں بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی حاصل کی تھی، افغانستان ٹیم فائنل میں بھارت کا سامنا کرے گی۔