لاہور میں ایک میڈیسن کمپنی کے ناقص اور غیر معیاری انجیکشن نے شوگر کے مریضوں کی پریشانیوں اور بیماریوں میں کمی کی بجائےاور اضافہ کردیا اور یہ انجیکشن مریضوں کی نظر کا دشمن بن گیا -اطلاعات کے مطابق غیرمعیاری انجیکشن سے شوگر کے 40 مریضوں کی بینائی متاثر ہوگئی۔پیپلزپارٹی کے رہنما چودھری منظور کا کہنا ہے کہ ان کے بھائی اور دوست کو قصور میں آنکھوں میں یہ انجیکشن لگے جس سے ان کو انفیکشن ہوا اور نظربند ہوگئی۔
پیپلز پارٹی رہنما نے مزید بتایا کہ بھائی کو لاہور کے اسپتال منتقل کیا تو وہاں مزید 18مریض موجود تھے۔اس حوالے سے نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم کا کہنا ہے کہ لاہور کے تقریباً 40 افراد غیر معیاری انجیکشن سے متاثر ہوئے ہیں۔مارکیٹ سے غیرمعیاری انجیکشنز کا سارا اسٹاک اٹھا لیا ہے۔دوسری طرف محکمہ صحت پنجاب نے ماہرامراض چشم ڈاکٹر اسد اسلم کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی۔ڈاکٹر اسد اسلم کے مطابق غیر معیاری انجیکشن سے شوگر کے مریضوں کی آنکھ کے پردے متاثر ہوئے، غیرمعیاری انجیکشن لگنے سے مریضوں کی آنکھوں میں انفیکشن ہوا۔