پاکستان میں ایک سال میں مہنگائی نے عوام کی ایک وقت کی روٹی بھی چھین لی تو غربت کے مارے عوام کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ بچا ہی نہیں اور اب پاکستان بھر میں عوام سڑکوں پر نکلنا شروع ہوگئے ہیں -اس کا آغاز آزاد کشمیر سے ہوا اور اب کراچی اور راولپنڈی میں بجلی قیمتوں میں اضافے پر عوام سڑکوں پر نکل آئے، بجلی کے نرخ میں کمی نہ کرنے کی صورت میں مظاہرین نے سول نافرمانی کی تحریک چلانے کی دھمکی دیدی، مظاہرین نے اہم شاہراہیں بلاک کر دیں جس کے سبب گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

 

راولپنڈی میں مظاہرین کمیٹی چوک سے لیاقت باغ تک ریلی کی صورت میں پہنچے، مظاہرین نے بجلی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی، ان کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی پر ٹیکسز فوری ختم کرے ورنہ سول نافرمانی کی تحریک چلائیں گے۔ راولپنڈی میں احتجاج کے سبب آئیسکو حکام نے دفاتر اور تنصیبات کی حفاظت کیلئے پولیس طلب کر لی، راولپنڈی پولیس کے 500 جوان اور افسران آئیسکو دفاتر کے باہر تعینات کر دیئے گئے۔ دوسری جانب کراچی میں جماعت اسلامی اور تاجروں نے بجلی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مشترکہ احتجاج کیا، کراچی کے امیر نعیم الرحمان بھی احتجاج میں شریک تھے۔ احتجاجی ریلی سے تاجر رہنماؤں نے خطاب کیا، اس دوران ایم اے جناح روڈ پر ٹریفک معطل رہی۔اگر اس معاملے کو فوری حل نہ کیا گیا تو ملک میں افراتفری پھیل سکتی ہے اس لیے حکومت کو چاہیے کہ عوامی مسائل پر فوری توجہ دے –