حال ہی میں تحریک انصاف کی صدارت کا عہدہ سنبھالنے والے چوہدری پرویز الہی ایک بار پھر اپنے قائد عمران خان اور تحریک انصاف کی حمایت میں بول پڑے- ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو توڑنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الہی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنے دور میں پاک فوج اور دفاع پاکستان کو مضبوط کیا، انھوں نے مشکل وقت میں اڑ جانے والے فصلی بٹیروں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا -پرویز الہی کا کہنا تھا کہ پارٹی چھوڑنے والوں کی حیثیت خانہ بدوشوں سے زیادہ نہیں، انہیں عوام مسترد کر چکے ہیں ۔ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں متحد ہے اور متحد رہے گی۔ عدالت کا پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی بحالی کا فیصلہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس وقت کنٹرول لائن پر ہمارے فوجی جوان بھارتی فائرنگ سے شہید ہو رہے تھے ، نوازشریف بھارتی وزیراعظم مودی اور جندال کو بغیر ویزہ گھر بلا کر کھانا کھلا رہے تھے۔ عوام اور فوج کو لڑانے کا ایجنڈا نوازشریف اور مودی کا ہے۔ عمران خان نے مغربی دنیا میں پاک فوج کے تاثر کو بہتر انداز میں پیش کیا۔یاد رہے کہ اس وقت تحریک انصاف اپنے مشکل ترین وقت سے گزر رہی ہے اور اس کے بہت سے رہنما پارٹی کو خیر باد کہہ رہے ہیں جبکہ عمران خاان کے گھر کے باہر اس وقت عوام کی بجائے پولیس کا کڑا پہرہ ہے –