کراچی: سندھ پولیس نے کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد انسداد دہشت گردی کوئیک رسپانس یونٹ قائم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پاکستان بھر میں حالیہ عسکریت پسندوں کے حملوں کے تناظر میں ایک اقدام کے طور پر کمانڈو ٹریننگ کے لیے 100 اہلکاروں کو تربیت دینے پر غور کر رہا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان بحریہ کے اسپیشل سروس گروپ (ایس ایس جی) کو رواں ماہ 25 افراد کے گروپ کی تربیت کے لیے تعینات کیا جائے گا۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی کمانڈو گروپ صوبے بھر میں کسی بھی دہشت گرد حملے کی اطلاع کی صورت میں سب سے پہلے جوابی کارروائی کرے گا۔ واضح رہے کہ کراچی میں شارع فیصل کے قریب کالعدم شدت پسند گروپ کے 3 دہشت گردوں نے پولیس چیف کے دفتر پر حملہ کیا تھا جب کہ فائرنگ سے قبل دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئیں۔