کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی نے اپنے والد کے خلاف درج مقدمات کو سندھ ہائی کورٹ (ایس ایچ سی) میں چیلنج کردیا۔
سینیٹر اعظم سواتی کے صاحبزادے عثمان سواتی نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔
دائر درخواست میں عثمان سواتی نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس کو اعظم سواتی کے خلاف سندھ میں مزید مقدمات درج کرنے سے روکا جائے اور اعظم سواتی کے خلاف سندھ بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب کی جائیں۔
image source: Geo.tv
انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی پر الزام پنجاب میں پیش آنے والے واقعے کی بنیاد پر لگایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں ہونے والے واقعے کا مقدمہ سندھ میں درج نہیں ہو سکتا۔
دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کے مطابق ایک واقعے میں ملزمان کے خلاف متعدد مقدمات درج نہیں کیے جا سکتے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ اعظم سواتی اور ان کے اہل خانہ کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
اعظم سواتی کے خلاف دائر مقدمات میں درخواست کی سماعت کل ہونے کا امکان ہے۔
اس موقع پر بیرسٹر عثمان سواتی کے ہمراہ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، فردوس شمیم نقوی اور دیگر بھی عدالت میں موجود تھے۔
اس سے قبل بلوچستان ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی کے خلاف صوبے میں مزید مقدمات درج نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ بلوچستان پولیس کی تحویل میں سینیٹر اعظم خان سواتی کے ریمانڈ کا آج چوتھا روز ہے۔