اسلام آباد: قومی اسمبلی نے جمعرات کو ایوان زیریں میں رولز آف پروسیجر اور کنڈکٹ آف بزنس میں ترامیم منظور کر لیں جس کے تحت کسی قانون ساز کو گرفتار کرنے سے قبل قومی اسمبلی کے سپیکر سے منظوری لینا ضروری ہے۔
ترامیم کے تحت مجرمانہ الزام میں کسی رکن کی گرفتاری اور حراست سے قبل سپیکر کی منظوری ضروری ہو گی اور کسی رکن کو اسمبلی کے احاطے میں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
Agenda for today's session of the National Assembly.#NASession #NAatWork pic.twitter.com/MquyFbhtFU
— National Assembly 🇵🇰 (@NAofPakistan) October 20, 2022
یہ ترمیم وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے پیش کی تھی جس میں رولز آف پروسیجر کے رول 103 کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل کسی رکن کی گرفتاری یا حراست کے لیے مجسٹریٹ کے ذریعے اسپیکر کو صرف اطلاع دی جاتی تھی جب کہ اس ترمیم کی منظوری کے بعد کسی بھی ایم این اے کو گرفتار کرنے کے لیے اسپیکر کی منظوری ضروری ہوگی۔
قومی ایوان کے قواعد و ضوابط اور طرز عمل 2007 کے سابقہ قاعدہ 106 میں کہا گیا تھا کہ اسپیکر کی اجازت کے بغیر کسی رکن کو اسمبلی کے احاطے میں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کارروائی کے دوران زیر حراست ایم این اے کے پروڈکشن آرڈر کو لازمی قرار دیتے ہوئے ترامیم پیش کیں۔