وزیر اعظم عمران خان نے فیصل آباد میں ایک بار پھر اپنی روایتی تقریر دہرائی جس کا نشانہ ایک بار پھر اپوزیشن ہی بنی ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ” چور لیڈر” جنہوں نے اپنے دور حکومت میں قومی خزانے کو لوٹا، کرپشن کے مقدمات میں سزا کے خوف سےایک بار پھر اکٹھے ہو گئے ہیں۔فیصل آباد میں نیا پاکستان صحت کارڈ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی پارلیمنٹ میں تقریروں کو ’’نوکری کی درخواستیں‘‘ قرار دیا۔
اپنی پرجوش اور تنقید سے لبریز تقریر میں وزیر اعظم عمران نے کہا شہباز زرداری ملاقات کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ جو لوگ 20 سال پہلے ایک دوسرے کو چور کہتے تھے پکڑے جانے کے خوف سے اب وہ ہاتھ ملا نے پر مجبور ہورہے ہیں وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’’وہ جیل سے فرار ہونے کے لیے پی ٹی آئی کی قیادت والی حکومت گرانے کی جلدی میں ہیں ۔
پی پی پی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران نے کہا کہ آصف علی زرداری دوسری جماعتوں کے قانون سازوں کی وفاداریاں خریدنے کے لیے چوری شدہ چیک بک کے ساتھ منظرعام پر آئے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف پر طنز کرتے ہوئے وزیراعظم عمران نے کہا کہ کتنا مضحکہ خیز ہے کہ ایک ’دل کا مریض‘ حیرت انگیز طور پر سیڑھیاں چڑھ رہا تھا اور برطانیہ میں فیکٹریوں کا دورہ کر رہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ کو بتانا چاہتا ہوں کہ شوباز نے پچھلے 5 سالوں میں کیا کیا اور ہم نے ساڑھے تین سالوں میں کیا کیا۔حکومت کی قومی صحت کارڈ اسکیم پر پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اپنے دور حکومت میں سندھ میں ترقی لانے میں ناکام رہی۔وہ اب کہتے ہیں کہ وہ ہیلتھ کارڈ کے بجائے ہسپتالوں پر خرچ کریں گے۔ لیکن، ان کے 13 سالہ دور حکومت میں انہیں عام آدمی کی سہولت کے لیے ایسے اقدامات کرنے سے کس نے روکا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ ایسے کرپٹ لیڈروں نے اپنے جرائم کو چھپانے کے لیے قومی خزانے سے پیسہ لوٹ کر دوسرے لوگوں کے اکاؤنٹس میں منتقل کیا۔وزیراعظم نے ہیلتھ انشورنس سکیم کے آغاز پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار، وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین اور ان کی ٹیم کو سراہا۔اپنے حالیہ دورہ چین کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت صنعت کاری پر پیش رفت ہماری اولین ترجیح ہے اور اس سے ملک میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔