وزیر توانائی خرم دستگیر نے پاکستانی عوام کے سامنے تسلیم کیا کہ آج توقع سے زیادہ لوڈ شیڈنگ ہوئی۔ انہوں نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ حویلی بہادر شاہ پلانٹ کی مرمت کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ ہوا،تاہم انھوں نے یہ اچھی خبر سنادی کہ ایندھن کی کمی پوری کرلی گئی ہے اس لیے اب لوڈشیڈنگ میں کافی کمی آجائے گی ۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ آج کی لوڈشیڈنگ کی وجہ حویلی بہادرشاہ پلانٹ کی مرمت تھی جس کی وجہ سے بجلی کی پیداوارمیں وقتی تعطل پیدا ہوا ، ان کا کہنا تھا کہ چندروزمیں حویلی بہادرشاہ پلانٹ بحال ہوجائےگا، ۔
خرم دستگیر نے کہا کہ کوئلے کی قیمت میں تقریباً 300فیصد اضافہ ہوا – انھوں نے سابقہ حکومت پر الزام لگایا کہ عمران خان کی حکومت نے کوئلےکا انتظام نہیں کیا تھا لیکن اب ملک میں ایندھن کی کمی کابحران حل کرلیا گیا ہے۔ وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ایل این جی کے چار جہازوں کا انتظام کرلیاہے جب کہ فرنس آئل کے مزید پانچ جہازوں کا بھی بندوبست کرلیا گیا ہے۔