کراچی: سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے جمعہ کو کہا کہ ایک چینی کمپنی نے کراچی میں پاکستان کی پہلی انٹرا سٹی بس مینوفیکچرنگ کمپنی کے قیام پر رضامندی ظاہر کی ہے، جس سے ملک میں سستے نرخوں پر بسوں کی دستیابی کی راہ ہموار ہوگی۔
شرجیل میمن نے آج بس کمپنی کے کنٹری منیجر سے ملاقات کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ 20 ماہ میں 18 ایکڑ اراضی پر مینوفیکچرنگ پلانٹ لگایا جائے گا اور پلانٹ سالانہ 500 بسیں تیار کرے گا۔
میمن نے کہا، “پبلک ٹرانسپورٹ مینوفیکچرنگ پلانٹ کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے اور ہم اس منصوبے کو جلد از جلد شروع کرنا چاہتے تھے۔
بعد ازاں اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ایک پیغام میں شرجیل میمن نے کہا کہ ان کی چین کی معروف بس مینوفیکچرنگ کمپنی سے تفصیلی ملاقات ہوئی ہے اور انہوں نے کراچی میں پاکستان کا پہلا انٹرا سٹی بس مینوفیکچرنگ پلانٹ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پاکستان میں روزگار کے نئے مواقع، غیر ملکی سرمایہ کاری اور بسوں کی کم قیمتوں کے دروازے کھلیں گے۔