جرمن باکسنگ چیمپئین کے دوران ترک باکسر ”موسیٰ یامک “رنگ میں ہارٹ اٹیک کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے -ان کو میچ کے دوران دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا ۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے شہر میونخ میں 38 سالہ ترک باکسر موسیٰ یامک رنگ میں یوگنڈا کے حمزہ وینڈیرا سے باکسنگ کررہے تھے کہ میچ کے دوران انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ رنگ میں گر گئے ،موسیٰ کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے اور ڈاکٹروں نے انکی موت کی تصدیق کی۔
ترک عہدیدار حسن توران نے اپنے ٹوئٹر کے ذریعے اس افسوسناک خبر کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے ہم وطن موسٰی اسکان یامک کو کھودیا ہے، انہوں نے حال ہی میں یورپی اور ایشیائی چیمپئن شپ جیتی تھی ،موسیٰ کا تعلق ترکی کے شہر ایلورہ سے تھا۔فائٹ کے تیسرے راونڈ میں میچ کے دوران وینڈیرا نے یامک پر مکے برسائے تھے، جس کے باعث وہ لڑکھڑا گئے تھے اور یہی حملے ان کی موت کا سبب بنے ، ان کا یہ میچ تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر لائیو نشر کیا جارہا تھا۔
ترک باکسر موسیٰ یامک مسلسل8 میچوں سے ناقابلِ شکست تھے، انہوں نے پروفشنل باکسنگ کا آغاز سال 2017 میں کیا تھا جبکہ 2021 میں ورلڈ باکسنگ فیڈریشن انٹرنیشنل ٹائٹل جیتنے پران کو بین الاقوامی شہرت ملی تھی۔