دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح میں اچانک اضافہ شروع ہوگیا ہے جس کے سبب آئندہ آنے والے چند روز میں یہاں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے – دریائے چناب میں مرالہ کے مقام 4 سے 7 جولائی تک درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ کافی حد تک بڑھ گیا ہے۔ مرالہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے چناب سے ملحقہ اضلاع کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق سیالکوٹ، گجرات، گوجرانوالہ، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، چنیوٹ، جھنگ، خانیوال، مظفرگڑھ، ملتان اور راجن پور کے ڈی سیز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف اور ریسکیو 1122 کی ڈائزاسٹر رسپانس ٹیموں کو بھی ہائی الرٹ رکھا جائے۔ریسکیو آپریشن کے لیے پیٹرول و ڈیزل کا سٹاک وافر مقدار میں ہونا چاہیے تاکہ ہنگامی صورتحال کے وقت عوامی نقل وحمل میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو ۔شہریوں کو موجودہ صورتحال سے لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جائے۔دریاؤں کے پاٹ میں موجود مکانوں اور مویشیوں کے انخلاء کے علاوہ فلڈ ریلیف کیمپس میں خوراک، پینے کے صاف پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔عوام جاری کردہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔